دیوار گرنے سے کمسن بھائیوں سمیت 3جاں بحق
حادثہ ملیر بکرا پیڑی میں یونین کونسل کی دیوار گرنے سے پیش آیا،مکین مشتعل دفتر کی دیوار کے ساتھ نرسری اور کچرا کنڈی تھی،مکین،وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
کراچی (اسٹاف رپورٹر،آن لائن )ملیر بکرا پیڑی میں یونین کونسل کی دیوار گرنے سے دو کمسن بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود ملیر بکرا پیڑی میں یونین کونسل نمبر 2 قاسم بروہی گوٹھ کے دفتر کی دیوار گرنے سے دو کمسن بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 9 سالہ ابراز، اس کا بھائی اہیان اور فیض عباس شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق یونین کونسل کے دفتر کی دیوار کے ساتھ نرسری اور کچرا کنڈی قائم تھی، جبکہ پانی جمع ہونے کے باعث دیوار بوسیدہ ہوچکی تھی۔ دیوار اچانک گلی کی جانب گر گئی، جس کی زد میں آکر وہاں سے گزرنے والے افراد ملبے تلے دب گئے ۔ حادثے میں دو کمسن بھائیوں سمیت تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حادثے کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے انتظامی غفلت پر برہمی کا اظہار کیا، جبکہ مقامی افراد کے مطابق یونین کونسل کا عملہ دفتر بند کرکے غائب ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر بکرا پیڑی کے قریب رکشے پر دیوار گرنے پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ فوری طلب کرلی، ترجمان کے مطابق سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے المناک حادثات دل دہلا دینے والے ہیں، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments