داؤد یونیورسٹی میں ڈورم اور اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح
شرجیل میمن کا یونیورسٹی کے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی،سینئر وزیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اقبال کیمپس میں ڈورم اور اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو اور گنہور خان اسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین اور یونیورسٹی کے دیگر حکام نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا استقبال کیا اور انہیں اسپورٹس کمپلیکس، طلبہ کے ہاسٹلز، آڈیٹوریم اور دیگر دستیاب سہولیات کا دورہ کروایا۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے یونیورسٹی کے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا، جبکہ طلبہ کے ہاسٹل کے کمرے اور شاندار آڈیٹوریم بھی دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور انہیں سازگار ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ طلبہ کا حق ہے کہ انہیں تعلیم کے حصول کے لیے معیاری سہولیات میسر ہوں، جبکہ اسپورٹس کمپلیکس کا قیام طلبہ کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں تعلیم و روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ خواتین کے لیے پنک بس سروس شروع کی گئی ہے اور مفت پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments