ماہرین کا یکساں اور جامع صحت پالیسی بنانے کا مطالبہ
متعلقہ محکموں، طبی ماہرین، جامعات اور دیگر فریقوں کو اعتماد میں لے کر پالیسی تشکیل دی جائے ،بین الاقوامی کانفرنس موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سرکاری اداروں، جامعات اور سول سوسائٹی میں تعاون ضروری ہے ، فیصل احمد عقیلی
کراچی(این این آئی) انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیر اہتمام تین روزہ آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس ‘‘آئیکن 2026’’ میں سندھ کے لیے یکساں اور جامع صحت پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ شرکا نے وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری پر زور دیا کہ متعلقہ محکموں، طبی ماہرین، جامعات اور دیگر فریقوں کو اعتماد میں لے کر پالیسی تشکیل دی جائے ۔ کانفرنس میں بتایا گیا کہ سندھ کی آخری صوبائی صحت پالیسی 2004 میں بنائی گئی تھی، جس کے بعد نئی پالیسی کا معاملہ تاحال زیر التوا ہے ۔کانفرنس کے دوسرے روز ‘‘موسمیاتی تبدیلی، شہری مسائل اور سندھ میں صحت کا نظام’’ کے موضوع پر پینل اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل احمد عقیلی، ڈین انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر ظفر زیدی، ماحولیاتی و پیشہ ورانہ صحت کے ماہر ڈاکٹر ظفر فاطمی، میڈیا کنسلٹنٹ اور ماحولیاتی ماہر عافیہ سلام اور موسمیاتی طب کے ماہر ڈاکٹر پال چارلٹن نے شرکت کی۔ انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان سمیت طبی ماہرین، سرکاری حکام اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔
پینل اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات، کراچی میں غیر منصوبہ بند شہری پھیلاؤ، بڑھتی آبادی، پانی کی قلت، فضائی و آبی آلودگی، نکاسی آب کے مسائل اور ڈینگی و ملیریا جیسی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ صحت کے مسائل سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے ۔سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرکاری اداروں، جامعات، تحقیقی مراکز اور سول سوسائٹی کے درمیان تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری مسائل کے حل اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ڈاکٹر ظفر زیدی نے کہا کہ صحت کے مسائل کے حل کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، جبکہ مؤثر احتساب بھی ضروری ہے ۔ عافیہ سلام نے پانی کے معیار کو بہتر بنانے ، شدید گرمی میں کام کرنے والے افراد کے تحفظ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی تعطیلات سے متعلق فیصلے کرنے پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments