غیر ترقیاتی بجٹ کا 24 فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص : وزیر تعلیم
اربوں روپے کی سکالرشپ دی گئیں اور 40 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم
لاہور (خبر نگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سال 2025 میں صوبے کے کل غیر ترقیاتی بجٹ کا 24 فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا گیا۔ اربوں روپے کی سکالرشپ دی گئیں اور 40 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے 148 ارب کا بجٹ تعلیم کیلئے مختص ہوا۔ یہ بجٹ گذشتہ سال کے مقابلے میں 135 فیصد زیادہ تھا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ 2025 میں سرکاری جامعات کے طلبا کیلئے 15 ارب کی سکالرشپ رکھی گئیں۔ جبکہ سرکاری سکولوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے 40 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تمام سکولوں کیلئے اضلاع کو مہیا کر دیا گیا ہے ۔ آج سکولوں میں سٹیم لیبز بھی بن رہی ہیں۔ صاف پانی، بجلی، چار دیواری، نئے کلاس رومز، واش رومز سمیت دیگر سہولیات سے بھی سکولوں کو آراستہ کیا جا رہا ہے ۔ ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کیلئے 2 لاکھ اساتذہ اور طلبا کو گوگل سرٹیفیکیشن کے مرحلے سے گزارا گیا۔ سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے انرولمنٹ 11 لاکھ سے بڑھ کر 2.6 ملین پر چلی گئی ہے ۔ 2025 میں 2 ملین کی گھوسٹ انرولمنٹ ختم کی اور ہزاروں اساتذہ کی ریشنلائزیشن سے ٹیچر شارٹیج پر قابو پایا۔