سٹیج ڈراموں میں ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیاں
ویڈیوز بطور ثبوت متعلقہ فنکاروں اور انتظامیہ کو واٹس ایپ کے ذریعے فراہم
لاہور( دی رپورٹر )پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے سٹیج ڈراموں میں بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل کی جانب سے گزشتہ رات لاہور اور ساہیوال ڈویژن کے مختلف تھیٹرز میں مانیٹرنگ کی گئی، جس دوران متعدد سٹیج ڈراموں میں ضابطہ اخلاق اور ڈرامہ پالیسی کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔مانیٹرنگ کے دوران مشاہدے میں آیا کہ ڈرامہ بڑا بھائی چھوٹا بھائی اور دیگر ڈراموں میں پرفارمنس کے دوران فنکاروں نے سٹیج پر بیہودہ حرکات، غیر اخلاقی مکالمے اور غیر قانونی پبلک انوالومنٹ کا مظاہرہ کیا، جو کہ سٹیج ڈراموں کیلئے مقرر کردہ ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ ان خلا ف ورزیوں کی ویڈیوز بطور ثبوت متعلقہ فنکاروں اور انتظامیہ کو واٹس ایپ کے ذریعے فراہم کر دی گئی ہیں۔پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے خلاف ورزیوں پر سٹیج اداکار شیر علی عرف شیری ننھا، اداکارہ فریحہ اور ڈرامہ بڑا بھائی چھوٹا بھائی کے ڈائریکٹر شہزاد آسی کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فنکاروں اور ڈائریکٹر نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں درست طریقے سے ادا نہیں کیں اور ان کا طرز عمل کسی صورت قابل قبول نہیں۔