2025:ٹریفک حادثات 5فیصد ، آتشزدگی میں 3فیصد اضافہ

2025:ٹریفک حادثات 5فیصد ، آتشزدگی میں 3فیصد اضافہ

دریاؤں میں بیک وقت تاریخی فلڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا :ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور(کرائم رپورٹر )سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ سال 2025 میں پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)نے 25 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز میں 28لاکھ 88 ہزار سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2024کے مقابلے میں سال2025 میں ایمرجنسیز کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی سروس پرسب سے زیادہ بوجھ روڈ ٹریفک حادثات کا رہا، جنکی تعدادگزشتہ سال 493,471 رہی۔ دیگر نمایاں ایمرجنسیز میں 214,864 پیٹ درد، 261,000ہائی بلڈ پریشر،184,954سانس لینے میں دشواری اور 141,235تیز بخار کے کیسز شامل ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے 493,489روڈ ٹریفک حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا جن کے نتیجے میں 248,471افراد شدید زخمی ہو کر معذوری کا شکار ہوئے جبکہ 4,944 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے ۔ سال 2025میں وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب کے 3دریاؤں میں بیک وقت تاریخی فلڈ ریسکیو آپریشن کیا گیا ۔وہ گزشتہ روزایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ سال 2025 کی سالانہ آپریشنل کارکردگی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں