گل گھوٹو ویکسین کے اثرات جانچنے کیلئے ٹیسٹ کٹ تیار

گل گھوٹو ویکسین کے اثرات جانچنے کیلئے ٹیسٹ کٹ تیار

کٹ اینٹی باڈیز کی موجودگی جانچنے کے لئے تیار کی گئی ‘عامر غفور

لاہور (عاطف پرویز سے )جانوروں میں پھیلنے والی خطرناک اور مہلک بیماری گل گھوٹو کے خلاف ایک بڑی سائنسی پیش رفت سامنے آ گئی ہے ۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے سینئر سائنسٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر غفور باجوہ نے گل گھوٹو ویکسین کے اثرات جانچنے کیلئے دنیا کی پہلی جدید ٹیسٹ کٹ تیار کر لی ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر عامر غفور باجوہ کے مطابق یہ ٹیسٹ کٹ اینٹی باڈیز کی موجودگی جانچنے کیلئے تیار کی گئی ہے ، جس کے ذریعے ویکسین لگوانے والے جانوروں میں مدافعتی قوت کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں نے اس ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی ہے ، جبکہ یہ آئندہ دو سے 3 ماہ میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ ماہرین کے مطابق گل کوٹو پاکستان میں مویشیوں، بالخصوص گائے اور بھینسوں میں پائی جانیوالی ایک اینڈیمک اور انتہائی مہلک بیماری ہے ، جو زیادہ تر مون سون اور مرطوب موسم میں شدت اختیار کر لیتی ہے ۔ اگرچہ ویکسی نیشن گل گھوٹو سے بچاؤ کا بنیادی ذریعہ ہے ، تاہم ویکسین کے معیار، کولڈ چین، طریقہ استعمال اور جانور کی صحت جیسے عوامل کے باعث بعض اوقات ویکسین کے باوجود مطلوبہ تحفظ حاصل نہیں ہو پاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں