ایل پی جی کے نمائندوں کی مسائل کیلئے ملک گیر احتجاج کی دھمکی
کانفرنس میں اوگرا، پیرا اور سول ڈیفنس کی جانب سے چھاپوں پر تحفظات کا اظہار
لاہور(کامرس رپورٹر سے)ایل پی جی انڈسٹری کے نمائندوں نے مسائل کے حل کے لیے فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج اور کاروبار بند کرنے کی دھمکی دیدی۔ لاہور میں منعقدہ نیشنل ایل پی جی سٹیک ہولڈرز کانفرنس میں ملک بھر سے ایل پی جی درآمد کنندگان، مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈسٹری بیوٹرز، ٹرانسپورٹرز، پلانٹ مالکان اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ایک ہزار سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی نعمان احمد نے کہا کہ ایل پی جی ملک بھر میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے ، تاہم صنعت کو پالیسی اور انتظامی نوعیت کے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد صنعت کا متفقہ مؤقف مرتب کرکے حکومت کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ صارفین کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ شرکا نے بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی ترسیل کے دوران ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو درپیش سکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی محفوظ اور بلا تعطل ترسیل کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔کانفرنس میں اوگرا کے ماہانہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ۔