غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن‘ ہزاروں کے جرمانے
متعدد ملزمان کے خلاف مقدمات درج ،جنگلی سور قدرتی ماحول میں آزاد
لاہور (اے پی پی)محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی شکار، بلڈ سپورٹس اور جنگلی حیات کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کے خلاف مقدمات درج اور جرمانے عائد کیے ہیں، جبکہ جوہرآباد وائلڈ لائف پارک اور منی زو بھکر میں سامبر ہرن، لامہ اور زیبرا کی کامیاب افزائشِ نسل بھی ہوئی ہے ۔ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا مقدس گلزار نے وائلڈ لائف رینجرز اور پولیس کے ہمراہ بھیرہ میں ایک بلڈ سپورٹس کلب پرچھاپہ مار کروہاں سے 4 سگ اور جنگلی سور برآمد کر لئے جنہیں کتوں سے لڑائی کی تربیت دی جارہی تھی،کلب منیجر کیخلاف تھانہ بھیرہ میں ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے جبکہ جنگلی سور قدرتی ماحول میں آزاد کر دئیے ۔ایک اور کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بھکرمحمد طارق نے تیتر کے غیر قانونی قبضہ پر 5 ملزمان کا چالان کرکے انہیں 1 لاکھ 5ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ جبکہ 1کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی۔ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جھنگ سلیم سرگانہ نے کتوں کیساتھ تیتر کے بچوں کے غیر قانونی شکار میں ملوث 2ملزمان کو 50ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا۔