ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح:ڈی سی ننکانہ
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ، تسلیم اختر، آغا علی حیدر، رانا ارشد کی شرکت
ننکانہ صاحب (خبر نگار )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان اور رانا محمد ارشد و دیگر نے شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے ضلعی افسر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال، کرائم کنٹرول اور عوامی فلاحی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر تسلیم اختر رائو نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں معیار، شفافیت اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور منتخب نمائندے ان منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔