سموگ کے تدارک کیلئے کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ
دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی ، متعدد گاڑیوں کے ای چالان
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سیف سٹی کیمروں اور جدید ڈرونز کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے ۔گزشتہ دو روز کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ماحولیاتی آلودگی کی 300 سے زائد خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو ای چالان بھی جاری کیے گئے ۔ترجمان کے مطابق بغیر ترپال تعمیراتی سامان، ریت، مٹی اور دیگر گردوغبار پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کی نشاندہی کرکے متعلقہ اداروں کو بروقت رپورٹ کیا جا رہا ہے ۔اسی طرح فصلوں کی باقیات جلانے اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعات کی بھی ڈرونز اور جدید کیمروں کے ذریعے نشاندہی کی جا رہی ہے ۔ 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے متعلق خلاف ورزیوں کی معلومات متعلقہ اداروں تک فوری پہنچائی جا رہی ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صاف و صحت مند ماحول کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments