نجی سکولوں کاتعلیمی سال دسمبر سے شروع کرنے پرغور
مقصد رمضان میں اوقات میں کمی کے باعث تعلیم متاثر ہونے سے بچانا
لاہور(خبر نگار)رمضان المبارک کے باعث بیشتر نجی سکولوں نے نئے تعلیمی سال کا آغاز جنوری کی بجائے یکم دسمبر سے کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ۔ تعلیمی سیشن ایک ماہ قبل شروع کرنے کا مقصد رمضان المبارک میں سکولوں کے اوقات کار میں کمی کے باعث تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے سے بچانا اور طلبہ کا مکمل نصاب بروقت مکمل کرانا ہے ۔ذرائع کے مطابق نجی سکولوں میں فائنل ٹرم کے امتحانات دسمبر کی بجائے نومبر میں لینے کی تجویز زیر غور ہے ، جس کے بعد نئے تعلیمی سیشن کا آغاز یکم دسمبر سے کیا جا سکے گا۔ سکولوں کی جانب سے تعلیمی سال جلد شروع کرنے کے فیصلے سے طلبہ کو نئے نصاب کی تدریس کے لیے زیادہ وقت ملنے کی توقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال سے تمام سلیبس کی کتابیں تبدیل ہو جائیں گی، جبکہ نئے نصاب کی کتابیں مارچ یا اپریل تک مارکیٹ میں دستیاب ہونے کا امکان ہے ۔ ایسے میں تعلیمی سیشن جلد شروع ہونے سے نجی پبلشرز کو پرانی کتابیں فروخت کرنے کے لیے اضافی وقت مل سکتا ہے ، جس سے انہیں کروڑوں روپے کا فائدہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments