تعلیم، صحت اور شہری سہولیات اولین ترجیح ہے :عامر کریم
پیرا آفس اور تعمیراتی کاموں میں معیار بہتر بنانے کے سخت احکامات جاری
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار) کمشنر عامر کریم خاں نے تحصیل میاں چنوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ڈویژنل پبلک اسکول و کالج میں تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ راشد بھی ہمراہ تھیں۔ کمشنر نے سکول کی خالی زمین پر پلے گراؤنڈ اور صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات قائم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ تعلیم، صحت اور شہری سہولیات حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں۔طلبہ سے ملاقات میں ستھرا پنجاب مہم پر آگاہی دی گئی اور صفائی، ذمہ دار شہری رویہ اور ہیلمٹ استعمال پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے پیرا آفس اور تعمیراتی کاموں میں معیار بہتر بنانے کے سخت احکامات جاری کیے ۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کے دورے میں مریضوں اور ریفرلز کا ڈیٹا مرتب کرنے ، کارڈیولوجی وارڈ کی ضرورت کے تعین، اور آرتھوپیڈک کنسلٹنٹ کی فوری تعیناتی کے لیے ہدایات دی گئیں۔بعد ازاں آئی لو یو میاں چنوں چوک کا افتتاح کیا گیا، جہاں ایم پی اے رانا بابر حسین اور ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کے ہمراہ پودے لگائے گئے ، سبزہ بڑھانے اور جی ٹی روڈ کے اطراف اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔