ریسکیو 1122 نے 2026کو سیفٹی کا سال قرار دیدیا
سال 2025 میں 480,277 کالز موصول ہوئی:انجینئر عبیداللہ خان سیلاب میں 19,892 افراد ، 1,633 جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا
مظفرگڑھ، خان گڑھ (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر) ریسکیو 1122 کی جانب سے سال 2026 کو سیفٹی کا سال قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران ریسکیو کنٹرول روم میں 480,277 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 75,949 حقیقی ایمرجنسیز تھیں۔ ریسکیو ٹیم نے ان پر رسپانس کرتے ہوئے 110,604 افراد کی جان بچائی، جن میں 73,262 کو موقع پر فرسٹ ایڈ اور 36,326 کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔سال 2025 کے مظفرگڑھ کے بدترین سیلاب میں 19,892 افراد اور 1,633 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ 12,920 افراد کو زمینی راستوں کی بندش کے باوجود ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی۔انجینئر عبیداللہ خان نے نئے سال میں عوامی آگاہی، زندگی محفوظ بنانے کی تربیت، اور 1,037 ریسکیو والنٹیئرز کی رجسٹریشن پر زور دیا۔ انہوں نے ٹریفک حادثات خصوصاً موٹر سائیکل حادثات میں احتیاط، ہیلمٹ کے استعمال اور قوانین پر عمل کرنے کی اہمیت بیان کی اور شہریوں سے درخواست کی کہ ریسکیو ایمبولینسز کو فوری راستہ دیں تاکہ جان بچانے میں مدد ہو سکے ۔