اساتذہ و سرکاری ملازمین کا احتجاج، تالا بندی کی دھمکی
سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری بند ، مراعات بحال کی جائیں :مقررین
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب اور ایپکا کی کال پر کوٹ ادو میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ، مراعات کی بندش، پنشن و گریجویٹی میں کٹوتیوں اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی جلسہ ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری بند کرے اور ملازمین کی سلب شدہ مراعات فوری بحال کرے جن میں لیو انکیشمنٹ، پنشن اصلاحات، گریجویٹی اور دیگر الاؤنسز شامل ہیں ،رہنماؤں نے کہا کہ مسلسل احتجاج کے باوجود مطالبات تسلیم نہیں کیے جا رہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو آئندہ مرحلے میں سکولوں اور دفاتر کی تالا بندی سمیت سخت احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔