وہاڑی :پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال کاچوتھا روز
ایم پی اے میاں ثاقب خورشید کا احتجاجی کیمپ کا دورہ مطالبات کی حمایت
وہاڑی(نمائندہ خصوصی ) انجمن پٹواریان کی جانب سے جاری قلم چھوڑ ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہو گئی ہے ۔ پٹواریوں نے احتجاج کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک حکومت ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کرتی ہڑتال جاری رہے گی۔ ہڑتال کے باعث ریونیو سے متعلقہ امور شدید متاثر ہوئے ہیں اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ احتجاجی کیمپ کے دوران لیگی ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے تحصیل آفس کا دورہ کیا اور پٹواریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر انجمن پٹواریان کے رہنماؤں نے اپنے مطالبات کی دستاویزات ایم پی اے کو پیش کیں۔ میاں ثاقب خورشید نے یقین دہانی کرائی کہ مطالبات وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور ریونیو بورڈ تک پہنچائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹواری لینڈ ریکارڈ کا اہم جزو ہیں اور ان کے احتجاج سے عوام متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام سے تعاون کی اپیل کی جائے گی تاکہ عوامی مشکلات کم ہو۔