وہاڑی میں ورلڈ اینٹی سموک ڈے واک کا انعقاد
وہاڑی(نمائندہ خصوصی ) بسلسلہ ورلڈ اینٹی سموک ڈے تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے سماجی تنظیم سی ٹی پی اور پاکستان یوگا کونسل کے اشتراک سے قائداعظم پارک میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سگریٹ نوشی کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے پیغامات درج تھے ۔ واک کی قیادت سماجی رہنما نوشین ملک اور یوگا ماسٹر چودھری جاوید اقبال نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ایک خاموش قاتل ہے جو انسانی صحت کو اندر سے تباہ کرتی ہے اور مختلف جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ پروگرام کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے دعا بھی کی گئی۔