انڈسٹریل اسٹیٹ آرائشی منصوبہ جلد مکمل کرنے کا حکم
بنگلہ پارک میں فواروں، جھولوں، جم سمیت سہولیات میں بہتری کے احکامات
ملتان (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے انڈسٹریل اسٹیٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر اور بورڈ ممبران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی، بیوٹیفکیشن اور انفراسٹرکچر منصوبوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بورڈ آف مینجمنٹ کی جانب سے کمشنر عامر کریم خاں کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شجرکاری، روڈ مارکنگ، صفائی اور وال آرٹ منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹرک سٹینڈ، سپورٹس کمپلیکس اور ڈرینج منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ صنعتی ترقی معیشت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے اور حکومت صنعتی علاقوں کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کے ہمراہ شجاع آباد میں بنگلہ پارک اور یونین کونسل نمبر 145 شاہ پور ابھہ کا دورہ کیا، جہاں صفائی، پارکوں کی دیکھ بھال اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے بنگلہ پارک میں فواروں، جھولوں، لائبریری، جم اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پارک میں آنے والی فیملیز اور شہریوں کیلئے سہولیات بہتر بنانے ، جھولوں کی مرمت اور پارک کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔