سٹیٹ لائف کو 81 لاکھ روپے ڈیتھ کلیم فوری ادا کرنیکا حکم
بدانتظامی برداشت نہیں، ادارے قبلہ درست کریں،ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب
سکندرآباد (نامہ نگار)وفاقی محتسب نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو 81 لاکھ روپے کے ڈیتھ کلیم کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ملتان کی رہائشی بیوہ فرزانہ ریاض نے وفاقی محتسب کے ملتان دفتر میں شکایت درج کروائی کہ ان کے مرحوم شوہر نے اسٹیٹ لائف سے بیمہ پالیسی لی تھی، تاہم ان کی وفات کے بعد ڈیتھ کلیم جمع کروانے کے باوجود ادارہ ادائیگی میں ٹال مٹول کر رہا تھا۔وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ و سینئر انویسٹی گیشن آفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے مکمل تفتیش کے بعد اسٹیٹ لائف کو حکم دیا کہ بیوہ خاتون کو 81 لاکھ روپے کا کلیم فوری ادا کیا جائے ۔فیصلے پر شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کے ادارے اور ڈاکٹر محمد زاہد کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد زاہد نے کہا کہ وفاقی اداروں میں بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری سادہ کاغذ پر اپنی شکایات درج کر کے وفاقی محتسب کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں، جہاں تمام مسائل بلا معاوضہ اور بلا تاخیر حل کیے جاتے ہیں۔