جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت ، اصلاح کیلئے کام شروع

 جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت ، اصلاح کیلئے کام شروع

قیدیوں کی تعلیمی استعداد جانچ کر تدریسی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا

لودھراں(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جیلوں میں قیدیوں کی تعلیم، تربیت اور اصلاح کیلئے چیف منسٹر پنجاب لٹریسی پروگرام پر عملی طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ جیل لودھراں میں قیدیوں کی تعلیمی قابلیت جانچنے کیلئے پلیسمنٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں ان کی تعلیمی استعداد کے مطابق تدریسی سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (لٹریسی) ڈاکٹر شازیہ نورین نے ڈسٹرکٹ جیل لودھراں کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے عمل، انتظامات اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ مثبت اور انقلابی اقدام قیدیوں کی شخصیت سازی، فکری اصلاح اور انہیں معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم پروگرام کے تحت قیدیوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرکے ان کے روشن اور محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر شازیہ نورین نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ سے قیدیوں میں مثبت سوچ، خود اعتمادی اور معاشرتی ذمہ داری کا شعور اجاگر ہوگا، جو معاشرے میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں