محکمہ تعلقات عامہ کو جدید تقاضوں پر ڈھال رہے ، فرید شیخ
لاہور میں ڈی ایس این جی وینز فراہمی سے لائیو کوریج کی صلاحیت بڑھ گئی
ملتان(لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب فرید احمد شیخ نے ڈویژنل دفتر پبلک ریلیشنز ملتان کا دورہ کیا اور ملتان ڈویژن کے افسروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ملتان ڈویژن محمد سجاد جہانیہ نے دیگر افسروں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ملاقات میں ڈپٹی ڈائریکٹرز وسیم یوسف، ارم سلیمی، ڈپٹی ڈائریکٹر خانیوال سلمان خالد اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر لودھراں خالد رسول بھی موجود تھے ۔ ڈی جی پی آر نے افسروں سے پیشہ ورانہ امور اور درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے مزید فعال بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں جدید سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ لاہور میں ڈی ایس این جی وینز کی فراہمی سے لائیو کوریج کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں زیرِ تعمیر انفارمیشن کمپلیکس کی تکمیل کے بعد اسے جدید آلات اور ضروری سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ تاکہ حکومت پنجاب کی ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی فلاحی اقدامات کا پیغام بروقت عوام تک پہنچایا جا سکے ۔بعدازاں فرید احمد شیخ نے زیرِ تعمیر انفارمیشن کمپلیکس ملتان کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ بلڈنگز کے ایگزیکٹو انجینئر افتخار احمد بھی موجود تھے ۔ ڈی جی پی آر نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام میں بہتری کے لئے ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں انفارمیشن کمپلیکس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کے کیمپ آفس کے لئے بھی جگہ مختص کی گئی۔