کہروڑپکا میں عیدالاضحی صفائی پلان مکمل، 900 اہلکار متحرک

کہروڑپکا میں عیدالاضحی صفائی پلان مکمل، 900 اہلکار متحرک

190 مشینیں، اضافی کلیکشن پوائنٹس قائم، واٹر فلٹریشن، مہنگائی کنٹرول کا بھی مطالبہ

کہروڑپکا(نمائندہ دنیا) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے اسسٹنٹ کمشنر اصغر اقبال لغاری کے ہمراہ اے سی آفس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات اور عوامی آگاہی کے حوالے سے صحافیوں سے خصوصی ملاقات کی۔لیاقت علی گیلانی نے بتایا کہ عید کے تینوں دنوں میں آلائشوں اور فضلے کی بروقت تلفی کے لیے تحصیل کہروڑپکا میں ستھرا پنجاب ایجنسی کے تحت 900 سے زائد عملہ اور 190 مختلف مشینیں متحرک رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ماحول دوست بیگز تقسیم کیے جائیں گے جبکہ گھروں کی نشاندہی کے لیے اسٹیکرز بھی استعمال کیے جائیں گے ۔ مزید 10 اضافی کلیکشن پوائنٹس، ایکسیویٹرز اور ڈمپرز بھی صفائی آپریشن میں شامل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی گلی، محلہ اور بازار صفائی سے محروم نہیں رہے گا، جبکہ اے سی آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔اس موقع پر انجمن تاجران اور علماء کرام سے بھی ملاقاتیں کی گئیں اور تعاون کی اپیل کی گئی۔ صدر کریانہ مرچنٹ شیخ عزیز الدین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔صحافیوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش اور عید کے دنوں میں خود ساختہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرنے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں اے سی آفس سے صفائی آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مویشی منڈی کا دورہ بھی کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں