میپکو کا عید پر بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان
9آپریشن سرکلوں کے ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم قائم، افسر ،عملہ 24گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے گا، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فیلڈ سٹاف،آپریشن ٹیمیں الرٹصارفین شکایات کی صورت میں کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، بجلی بلوں پر درج افسروں کے موبائل نمبرز پر رابطہ کرسکیں گے ، سی ای او گل محمد زاہد کا ہدایت نامہ جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے میپکو ریجن بھر میں اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں میپکو کے تمام آپریشن سرکلوں کو ہائی الرٹ رہنے اور عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی ترسیل کا نظام مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔میپکو ریجن کے 9 آپریشن سرکلوں کے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں افسر اور۔۔
عملہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ کنٹرول رومز میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل ،ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز کی سربراہی میں بجلی کی فراہمی، فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور دیگر تنصیبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فیلڈ سٹاف اور آپریشن ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔عیدالاضحی کے دوران صارفین کی سہولت کے لئے ریجنل کسٹمر فسیلٹیشن سنٹر، آپریشن سرکلوں/ڈویژنوں کے کسٹمر فسیلٹیشن سنٹرز اور آن لائن شکایات کے اندراج کا نظام بھی مکمل طور پر فعال رہے گا۔ صارفین بجلی سے متعلق شکایات درج کرانے کے لئے ہیلپ لائن 118، کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور بجلی بلوں پر درج متعلقہ میپکو افسروں کے موبائل نمبرز پر رابطہ کر سکیں گے ۔
موصول ہونے والی شکایات کے فوری اور بروقت ازالے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ عید کے ایام میں صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔میپکو ریجن کے زیر انتظام 220 سے زائد سب ڈویژنوں کا فیلڈ سٹاف بھی عید کی تعطیلات کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گا۔