قبرستان بابا نتھے شاہ میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری پریشان
قبروں کی مبینہ توڑ پھوڑ، زائرین خوف میں مبتلا، انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار ) قبرستان بابا نتھے شاہ میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق آوارہ کتے قبرستان میں داخل ہو کر قبروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور انہیں کھودنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے نہ صرف قبروں کے تقدس کی پامالی ہو رہی ہے بلکہ زائرین بھی شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ سماجی شخصیت شیخ محمد جاوید نے متعلقہ انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان جیسے مقدس مقام پر آوارہ کتوں کی موجودگی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ آوارہ کتوں کی روک تھام اور قبرستان کے گرد حفاظتی اقدامات یقینی بنائے ۔ اہل علاقہ نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کی صفائی، دیواروں کی مرمت اور گیٹ کی مناسب نگرانی کا انتظام کیا جائے۔
تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے اور شہری بلا خوف و خطر فاتحہ خوانی کر سکیں۔