تین منشیات فروش گرفتار، کروڑوں کی آئس برآمد
شیر شاہ ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کے دوران سولہ کلو آئس قبضے میں لی گئی
ملتان (کرائم رپورٹر) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس ملتان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آئس (کرسٹل میتھ) اسمگلنگ کرنے والے تین منشیات فروشوں کو گاڑی سمیت گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر وقار اعظم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او نصرت علی نے عید کے روز شیر شاہ ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کے دوران کارروائی کی۔کوئٹہ سے چیچہ وطنی جانے والی مشکوک ٹویوٹا یارس (نمبر AEE-498) کو روک کر تلاشی لی گئی تو گاڑی کے خفیہ خانوں سے انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 16 کلوگرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔ یہ منشیات مبینہ طور پر تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو سپلائی کی جانی تھی۔ موقع سے تین ملزمان شبیر احمد، افتخار احمد اور محمد یاسین کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق چیچہ وطنی سے بتایا جاتا ہے ۔ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے ۔