نواز شریف نے عالمی دباؤ مسترد ،دفاع مضبوط بنایا، لیگی رہنما
دشمن کے پانچ کے جواب میں چھ دھماکے کئے ،طارق رشید جاوید انصاری ودیگر
ملتان (کرائم رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی تقریب منعقد ہوئی جس سے سابق رکن قومی اسمبلی و سابق میئر ملتان شیخ محمد طارق رشید، حاجی جاوید اختر انصاری، سید بابر شاہ اور سابق ایم پی اے شہزاد مقبول بھٹہ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ اور پانچ ارب ڈالر کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے دشمن کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے قید و بند اور جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن قومی مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سی پیک، موٹروے ، میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے بڑے منصوبے مکمل کئے جبکہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی قیادت میں ملک نے عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکست فاش دینے پر پوری قوم پاک افواج پر فخر کرتی ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔ تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر متعدد لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔