وہاڑی،اڈا 20 پل سڑک پر حادثات، دو جانیں ضائع
غیر معیاری تعمیر، گہرے گڑھے ، درجنوں زخمی ہوچکے ،فوری مسئلہ حل کرنیکا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) اڈا 20 پل سے چک تک تعمیر کی جانے والی سڑک پر مبینہ ناقص تعمیر کے باعث آئے روز خوفناک حادثات پیش آ رہے ہیں جن میں اب تک دو قیمتی جانیں ضائع جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔اہلِ علاقہ کے مطابق سڑک مقررہ معیار کے مطابق تعمیر نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ تقریباً 12 فٹ چوڑی سڑک کے بجائے صرف 10 فٹ چوڑا کارپٹ روڈ بنایا گیا ہے جبکہ دونوں اطراف حفاظتی مٹی بھی نہیں ڈالی گئی۔ اس صورتحال کے باعث سڑک انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے ۔مزید یہ کہ سڑک کے ساتھ موجود زرعی زمینوں سے مالکان کی جانب سے مٹی اٹھائے جانے کے باعث دونوں اطراف تقریباً سات سے آٹھ فٹ گہرے گڑھے بن چکے ہیں۔
ایسے میں اگر کوئی گاڑی یا موٹر سائیکل معمولی سی بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے اتر جائے تو وہ سیدھا ان گہرے گڑھوں میں جا گرتی ہے جہاں انسانی جان بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔علاقہ مکینوں نے تعمیراتی میٹریل کے معیار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری تکنیکی جانچ کرائی جائے ، دونوں اطراف حفاظتی مٹی ڈالی جائے اور گہرے گڑھوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے ۔ ساتھ ہی ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔اہل علاقہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو یہ سڑک مزید قیمتی جانیں نگلتی رہے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔