میاں چنوں،کچہری کے باہر فائرنگ، چھ ملزم گرفتار
زبیر خان ، علی نواز ، محسن علی ، فوجی ابرار، آفتاب اور آصف شامل ،اسلحہ برآمد
میاں چنوں (سٹی رپورٹر)کچہری کے سامنے گزشتہ روز دو متحارب گروپوں کے درمیان فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعے میں پولیس تھانہ سٹی نے کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزموں کا تعلق نواحی علاقہ 19 اگوآنہ سے ہے ، جن میں زبیر خان ، علی نواز ، محسن علی ، فوجی ابرار، آفتاب اور آصف شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ایف آئی آر میں دفعہ 7 اے ٹی اے بھی شامل کی گئی ہے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق 19 اگوآنہ کے رہائشی ایک فریق نے اپنے مخالف بورے والا کے گروپ کے خلاف تھانہ صدر میاں چنوں میں دفعہ 506 کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔
اسی مقدمے کے سلسلے میں دوسرا فریق ضمانت کے لیے تحصیل کچہری آیا تھا جہاں کچہری کے باہر اچانک ہوائی فائرنگ اور ڈنڈوں سے مارپیٹ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے ۔ دوسری جانب ڈی پی او خانیوال نے واقعے میں ناقص کارکردگی اور مبینہ بوگس ایف آئی آر کے اندراج پر ایس ایچ او تھانہ صدر میاں چنوں عدنان خورشید اور سب انسپکٹر وقار یونس کو معطل کرتے ہوئے کلوز ٹو لائن کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔