کالج میں سائنسی نمائش، طلبہ کے روبوٹس نے دھوم مچا دی

کالج میں سائنسی نمائش، طلبہ  کے روبوٹس نے دھوم مچا دی

بورے والا (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے بوائز ملتان روڈ بورے والا میں شعبہ فزکس کے زیر اہتمام شاندار سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔۔

جس میں بی ایس فزکس کے فائنل ایئر طلبہ نے فزکس اور روبوٹکس کے امتزاج سے تیار کردہ جدید اور حیرت انگیز پروجیکٹس پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔نمائش میں طلبہ کی جانب سے صنعتی استعمال کے لیے تیار کردہ خودکار سی این سی (CNC) مشین، بیک وقت متعدد کام سرانجام دینے والا روبوٹ اور فوڈ ڈیلیوری روبوٹ خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ اس کے علاوہ معذور اور گونگے بہرے افراد کے لیے تیار کردہ خاص دستانے بھی پیش کیے گئے جن کی مدد سے اشاروں کے ذریعے موبائل ایپ اور اسکرین کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔بہاولپور یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد اظہر خاں نے نمائش کا معائنہ کیا اور طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹس قابلِ عمل ہیں اور مستقبل میں صنعتوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گے ۔کالج پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم بھٹی نے کہا کہ نمائش کا مقصد طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے اور آئندہ ان پروجیکٹس کی نمائش میں صنعتی اداروں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ انہیں تجارتی سطح پر لایا جا سکے ۔ طلبہ نے بھی اس سرگرمی کو اپنے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں