کوٹ ادو میں امتحانی نقل جعلسازی پکڑی گئی، مقدمہ درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) دوسرے امیدوار کی جگہ انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔۔
، سپرنٹنڈنٹ نے کٹ لسٹ کے ذریعے جعلسازی پکڑ لی جس پر دو طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کوٹ ادو پولیس نے پنجاب یونیورسٹیز، بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ناجائز ذرائع کی روک تھام) ایکٹ 1950 کی دفعہ 3(1)(ii) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ مقدمہ گورنمنٹ ہائی سکول لیہ کے سپرنٹنڈنٹ محمد امجد جاوید کی درخواست پر درج کیا گیا۔درخواست کے مطابق 30جون کو انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحان کے دوران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈی جی خان کے امتحانی سنٹر پر شام کی شفٹ میں رول نمبر 354326 کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ عبدالرحمن ولد محمد حسنین، محمد خلیل ولد ریاض حسین کی جگہ امتحان دے رہا تھا۔سپرنٹنڈنٹ نے کٹ لسٹ کے ذریعے امیدوار کی شناخت کی جس پر جعلسازی بے نقاب ہو گئی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ محمد خلیل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کوٹ ادو کا طالبعلم ہے جبکہ واقعہ تھانہ صدر کوٹ ادو کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں دونوں طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔