وہاڑی،بااثر افراد کاگھر میں گھس کر خاتون پر مبینہ تشدد

وہاڑی،بااثر افراد کاگھر میں گھس کر خاتون پر مبینہ تشدد

درخواست میں رد و بدل کے الزامات مسترد، شفاف تحقیقات کی یقین دہانی

وہاڑی(نمائندہ خصوصی) تھانہ ٹھینگی کی حدود میں خاتون نے بااثر افراد پر مبینہ طور پر گھر میں گھس کر تشدد کرنے اور پولیس پر درخواست میں رد و بدل کر کے ملزمان کو ریلیف دینے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پولیس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے شفاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔چک نمبر 95/WB کی رہائشی ریشماں بی بی نے اپنے جیٹھ محمد طفیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 29 جون 2026 کی رات تقریباً ایک بجے وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گھر میں موجود تھیں کہ عبد الستار ولد عبدالعزیز جوئیہ، علی اعجاز ولد عبد الستار، عرفان ولد عبد الستار، عبادت ولد عالم، راول ولد سعید، فیضان ولد ممتاز اور دو نامعلوم افراد مبینہ طور پر زبردستی ان کے گھر میں داخل ہو گئے ۔متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان نے انہیں مبینہ طور پر مکوں، لاتوں اور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ انہوں نے بتایا کہ شور و غل سن کر کلثوم بی بی انہیں بچانے آئیں تو ملزمان نے مبینہ طور پر انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ریشماں بی بی کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوراً بعد انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور دو افراد کو حراست میں لیا تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر ایک ملزم کو چھوڑ کر اس کی جگہ کسی دوسرے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پولیس نے درخواست میں گھر میں غیر قانونی داخل ہونے اور دیگر دفعات شامل کرنے سے گریز کیا اور درخواست میں مبینہ طور پر رد و بدل بھی کیا گیا۔دوسری جانب تفتیشی افسر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ ایس ایچ او کے نوٹس میں ہے اور اگر درخواست میں کوئی کمی ہے تو اسے قانون کے مطابق درست کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں