ضلع وہاڑی کے 50سال مکمل، پولیس کی کارکردگی میں بہتری

ضلع وہاڑی کے 50سال مکمل، پولیس کی کارکردگی میں بہتری

جرائم میں 30 فیصد کمی، جدید پولیسنگ اور فورس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ضلع وہاڑی کے قیام کو 50 سال مکمل ہو گئے ۔ یکم جولائی 1976 کو ضلع وہاڑی کو باقاعدہ ضلع کا درجہ دیا گیا جس کے ساتھ ہی وہاڑی پولیس نے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ضلع کے پہلے پولیس سربراہ ایس پی محمد ارسل جنجوعہ تھے جنہوں نے یکم جولائی 1976 کو چارج سنبھالا۔ اس وقت ضلع میں صرف 8 پولیس اسٹیشنز قائم تھے جن میں سٹی وہاڑی، صدر وہاڑی، لڈن، صدر بوریوالا، ساہوکا، گگو، صدر میلسی اور مترو شامل تھے ۔ پولیس فورس تقریباً 250 اہلکاروں پر مشتمل تھی جبکہ سال 1976 میں مجموعی طور پر 2,135 جرائم ریکارڈ کیے گئے ۔وقت کے ساتھ وہاڑی پولیس نے محدود وسائل کے باوجود قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھا۔ آج گولڈن جوبلی کے موقع پر ضلع وہاڑی پولیس کی کمان ڈی پی او تصور اقبال کے پاس ہے جو ضلع کے 50ویں پولیس سربراہ ہیں۔اس وقت ضلع میں 21 پولیس اسٹیشنز قائم ہیں جبکہ فورس کی نفری 1,810 اہلکاروں پر مشتمل ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2026 سے 30 جون 2026 تک ضلع میں 8,628 جرائم رپورٹ ہوئے ، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 12,351 تھی، جس سے تقریباً 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ڈی پی او تصور اقبال نے اس موقع پر شہداء، غازیوں اور ریٹائرڈ اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی پولیس جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات مزید بہتر بنائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں