سیوریج کھدائی کے دوران حادثہ، ایک مزدور جاں بحق
مٹی کا تودہ گرنے سے 35 سالہ محسن موقع پر ہی چل بسا، دوسرا زخمی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) مکی چوک کے قریب سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔تفصیل کے مطابق مکی چوک کے قریب سیوریج لائن کی کھدائی کے دوران دو مزدور مٹی کے نیچے دب گئے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں مزدوروں کو ملبے سے نکال لیا۔تاہم ایک مزدور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ جاں بحق مزدور کی لاش اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق مزدور کی شناخت 35 سالہ محسن اور زخمی کی شناخت 28 سالہ سہیل ولد ظفراقبال سکنہ کوٹ ادو کے طور پر ہوئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کام کے دوران حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے تاہم بدقسمتی سے یہ حادثہ پیش آ گیا۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے جاں بحق مزدور کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔