میلسی میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی، کام بند
اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد کا موقع پر دورہ، تعمیرات فوری رکوا دیں
میلسی (نامہ نگار)میلسی کے کہروڑ پکا روڈ پر مبینہ طور پر غیر قانونی اور بغیر نقشہ منظوری تعمیرات کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی میلسی سعد بن خالد نے بلڈنگ انسپکٹر غالب حسین کے ہمراہ فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع کا دورہ کیا اور مبینہ طور پر جاری تعمیراتی کام رکوا دیا۔تفصیلات کے مطابق میلسی کے رہائشی ریٹائرڈ ٹیچر قاضی ایاز الدین نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کو درخواست دی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ محمد ندیم وغیرہ مشترکہ ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر قانونی اجازت، نقشہ منظوری اور متعلقہ این او سی کے بغیر تعمیرات کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق مذکورہ اراضی کی تقسیم کا دعویٰ سول کورٹ میلسی میں زیر سماعت ہے اور حکم امتناعی بھی جاری ہو چکا ہے ، اس کے باوجود تعمیرات جاری تھیں۔درخواست موصول ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد خود موقع پر پہنچے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے غیر قانونی تعمیراتی کام فوری طور پر بند کروا دیا اور متعلقہ عملے کو قانون کے مطابق مزید کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔کارروائی کے بعد درخواست گزار قاضی ایاز الدین نے اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد کی فوری مداخلت اور مؤثر کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔