خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا آغاز کردیا گیا

خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا آغاز کردیا گیا

جدید سفری سہولت ،پہلے مرحلے میں 9 بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست، جدید اور عوام دوست ٹرانسپورٹ ویژن کے تحت ضلع خانیوال میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ سروس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، اراکینِ صوبائی اسمبلی اصغر حیات ہراج اور چوہدری ضیائالرحمٰن سمیت سرکاری افسران، میڈیا نمائندگان اور معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پہلے مرحلے میں خانیوال، کبیروالا اور جہانیاں روٹس پر 9 جدید الیکٹرک گرین بسیں چلائی جائیں گی جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کبیروالا اور جہانیاں روٹس پر 84 جدید انتظار گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں۔جدید الیکٹرک گرین بسوں میں ایئرکنڈیشنڈ ماحول، وائی فائی، سی سی ٹی وی کیمرے ، جدید ٹریکنگ سسٹم، آرام دہ نشستیں اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس منصوبے سے شہریوں کو محفوظ، معیاری، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو باوقار اور جدید سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ یہ منصوبہ شہریوں کے لیے ایک اہم تحفہ ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہے جبکہ انتظار گاہوں کے قیام سے مسافروں کو مزید سہولت ملے گی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اور اراکین اسمبلی نے کہا کہ یہ منصوبہ جدید ٹرانسپورٹ اور عوامی سہولت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور جلد دیگر روٹس پر بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں