خانیوال میں مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے گرفتار
فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، دو من گوشت تلف، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
ملتان،خانیوال (لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ ڈائریکٹر جنرل سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر خانیوال کے نواحی علاقے اڈہ وجھیانوالا میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر چھاپہ مارا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 2 من سے زائد بیمار اور مضر صحت گوشت برآمد ہوا جس کی حالت خراب، بدبودار اور رنگت تبدیل شدہ تھی۔ ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کو انسانی صحت کے لئے غیر محفوظ قرار دیا جس پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر گوشت تلف کر دیا۔ ملزم عبدالمجید اور خلیل کے خلاف تھانہ چھب کلاں میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ادارہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز، ناقص گوشت اور ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں آپریشنز جاری ہیں جبکہ شہری صرف مستند مراکز سے اشیائے خورونوش خریدیں۔