ریلوے تنصیبات،عمارات کے سروے کا حکم

ریلوے تنصیبات،عمارات کے سروے کا حکم

عمارتوں کی چھتوں ، ڈھانچے ، حساس حصوں کا فوری جائزہ لے کر ممکنہ خطرات ، مرمت کیلئے ناگزیر عمارات کی فوری نشاندہی کی ہدایت، حکام نے فوری رپورٹ طلب کرلی انسانی زندگی کیلئے خطرناک عمارتوں کی نشاندہی، مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ، کسی قسم کی غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ خالد خان

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف انجینئر/اوپن لائن، پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی کنٹرول میسج کی روشنی میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان محمد خالد خان نے ملتان ڈویژن کے تمام متعلقہ شعبہ جات، بالخصوص ڈویژنل انجینئرز کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے ہدایت کی ہے کہ ملتان ڈویژن کے زیرِ انتظام تمام ریلوے سروسز بلڈنگز، رہائشی عمارتوں اور دیگر سرکاری تنصیبات کا جامع سروے اور تفصیلی معائنہ کیا جائے ۔ بالخصوص تمام عمارتوں کی چھتوں، ڈھانچے اور دیگر حساس حصوں کا فوری جائزہ لے کر کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی کی جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن عمارتوں میں مرمت کی ضرورت ہو وہاں فوری طور پر ضروری مرمتی کام مکمل کیا جائے ، جبکہ ایسی عمارتیں جو انسانی جان کے لئے خطرناک ثابت ہوں، انہیں فوری طور پر غیر محفوظ قرار دے کر متعلقہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد خالد خان نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ پاکستان ریلوے کی اولین ترجیح ہے ، لہٰذا تمام متعلقہ افسر اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت سے اجتناب کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات مکمل کریں اور پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں