رکن بارعباس وسیر کی ضمانت پر رہائی نہ ہوسکی، دوبارہ انکوائری کا حکم

رکن بارعباس وسیر کی ضمانت پر  رہائی نہ ہوسکی، دوبارہ انکوائری کا حکم

ملتان (کورٹ رپورٹر) وکلاء کے احتجاج اور عدالتوں کے بائیکاٹ کے باوجود ڈسٹرکٹ بار ملتان کے رکن عباس وسیر کی پیر کے روز بھی ضمانت پر رہائی ممکن نہ ہوسکی۔ مجسٹریٹ نے کیس کی دوبارہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

 توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آج ضمانت بعد از گرفتاری منظور ہو سکتی ہے ۔ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے عباس وسیر ایڈووکیٹ کو 9 محرم الحرام (25 جون) کو حراست میں لیا تھا، جس کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ گزشتہ ہفتے ضلع کچہری میں ضمانت مسترد ہونے پر وکلاء نے ہنگامہ آرائی کی اور عدالتوں کی تالہ بندی کر دی۔ اس دوران ججز، عدالتی عملہ اور سائلین عمارت کے اندر محصور ہو گئے جبکہ عدالتی کارروائیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری ملک سعادت حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ عباس وسیر کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان کی ضمانت کی درخواست میرٹ کے برعکس مسترد کی گئی تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری اور عباس وسیر کی رہائی تک احتجاج اور عدالتوں کی تالہ بندی جاری رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں