نشتر روڈ کی خستہ حالی، شہریوں کا احتجاج، فوری تعمیر کا مطالبہ
نشتر روڈ کی خستہ حالی، شہریوں کا احتجاج، فوری تعمیر کا مطالبہسیوریج کام کے بعد سڑک بحال نہ ہوسکی، مریضوں اور ایمبولینسوں کو مشکلات
ملتان (لیڈی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے سرکاری نشتر ہسپتال کے باہر واقع نشتر روڈ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کے باعث مریضوں، ان کے لواحقین، ایمبولینسوں اور دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیوریج لائن بچھانے کے بعد متعلقہ ادارے سڑک کی بحالی کا کام مکمل نہ کر سکے ، جس کے باعث سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے جبکہ گرد و غبار نے آمدورفت کو مزید دشوار بنا دیا ہے ۔نشتر روڈ کی خستہ حالی کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بینرز اٹھا کر سڑک کی فوری تعمیر و بحالی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے ہسپتال کے مرکزی راستے پر دھول اور مٹی کے ڈھیر موجود ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ مریضوں، ان کے لواحقین اور ایمبولینسوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹوٹی سڑک کے باعث ہسپتال پہنچنے میں تاخیر معمول بن چکی ہے ، جس سے مریضوں کو مزید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔مظاہرین نے کمشنر ملتان عامر کریم خان سے مطالبہ کیا کہ نشتر روڈ کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیا جائے اور زیر تکمیل منصوبے کو جلد مکمل کرا کے سڑک کو بحال کیا جائے تاکہ شہریوں، مریضوں اور ہسپتال آنے جانے والوں کو درپیش مشکلات کا مستقل خاتمہ ہو سکے ۔