اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 646 علاج گاہیں سربمہر
اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 646 علاج گاہیں سربمہرجون میں 2 ہزار 837 چھاپے ، ملتان میں سات غیر قانونی مراکز بھی سیل
ملتان (لیڈی رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبہ بھر میں اتائیت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ کمیشن کے مطابق جون کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 837 چھاپے مارے گئے ، جن کے نتیجے میں مزید 646 غیر قانونی علاج گاہوں کو سربمہر کر دیا گیا۔ کارروائیوں کا مقصد عوام کو غیر تربیت یافتہ افراد کے ہاتھوں غیر معیاری علاج سے محفوظ رکھنا اور صحت کے شعبے میں قانون پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 142 غیر قانونی علاج گاہیں سربمہر کی گئیں، جبکہ فیصل آباد میں 32، راجن پور میں 27، مظفرگڑھ میں 14، وہاڑی میں 12، بہاولپور میں 11 اور ملتان میں 7 غیر قانونی مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کیا گیا۔ کمیشن کے مطابق جون کے دوران 148 ایسے مراکز کی بھی نشاندہی کی گئی جہاں اتائی اپنا کاروبار منتقل کر چکے تھے یا سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر چکے تھے ۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ایک ہزار 865 علاج گاہیں مسلسل نگرانی کی فہرست میں شامل ہیں تاکہ دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں۔ کمیشن نے بتایا کہ صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کے آغاز سے اب تک 72 ہزار 700 سے زائد غیر قانونی علاج گاہوں کو سربمہر کیا جا چکا ہے ، جبکہ تقریباً 32 ہزار اتائی غیر قانونی کاروبار ترک کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 45 ہزار 500 سے زائد مراکز تاحال مسلسل نگرانی میں ہیں۔ کمیشن نے واضح کیا کہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔