چوری کی وارداتیں بڑھ گئیں، لاکھوں کا سامان غائب
چوری کی وارداتیں بڑھ گئیں، لاکھوں کا سامان غائببکریاں، سولر موٹریں، نقدی، موبائل چرا لیے گئے ، مقدمات درج
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع کوٹ ادو کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، جہاں بکریاں، سولر موٹریں، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چوری ہونے کے تین مختلف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پہلی واردات تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقے چک نمبر 540 ٹی ڈی اے میں پیش آئی، جہاں محمد طارق کے بھانہ مویشیاں سے محمد ریاض اور اس کے دو نامعلوم ساتھی چار شاخ لائل پوری نسل کی بکریاں، ایک بکرا اور 15 ہارس پاور سولر موٹر بمعہ ٹرالی، مجموعی مالیت تقریباً 5 لاکھ 52 ہزار روپے چوری کرکے فرار ہو گئے ۔ دوسری واردات موضع احسان پور میں ہوئی، جہاں محمد عرفان کی 10 ہارس پاور سولر موٹر، جس کی مالیت 87 ہزار روپے بتائی گئی، نامعلوم ملزمان چرا کر لے گئے ۔ تیسری واردات میں گورنمنٹ سکول کے ٹیچر سہیل احمد قریشی سکنہ قاضیاں والا نے تھانہ دائرہ دین پناہ میں درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ شب اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سوئے ہوئے تھے جبکہ ان کی قمیض تار پر لٹکی ہوئی تھی، جس کی جیب میں 80 ہزار روپے نقدی، ایک ریڈمی C53 موبائل فون، دو سمیں اور ایک اے ٹی ایم کارڈ موجود تھا۔ نماز کے وقت بیدار ہونے پر قمیض غائب تھی، جسے نامعلوم چور نقدی اور دیگر سامان سمیت چوری کرکے لے گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔