کوٹ ادو کی لاپتہ 2لڑکیاں6روز بعد لاہور سے بازیاب

کوٹ ادو کی لاپتہ 2لڑکیاں6روز بعد لاہور سے بازیاب

ماہ نور،جویریہ پولیس میں ملازمت کے لیے درخواست جمع کرانے گئی تھیں گھر واپس نہ آئیں موبائل بھی بند ہو گئے ، نامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج ہوا

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) کوٹ ادو سے یکم جولائی کو لاپتہ ہونے والی دونوں نوجوان لڑکیاں ماہ نور اور جویریہ چھ روز بعد لاہور سے برآمد ہو گئیں۔ پولیس نے دونوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں لڑکیوں کو لاہور سے بازیاب کیا گیا جبکہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے ۔ واضح رہے کہ یکم جولائی کو تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے منچھی موڑ کے رہائشی محمد نسیم خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کی 22 سالہ بیٹی ماہ نور اور اس کی 22 سالہ ساتھی جویریہ مظفرگڑھ پولیس میں ملازمت کے لیے درخواست جمع کرانے گئی تھیں۔ دونوں نے اہل خانہ کو فون پر اطلاع دی تھی کہ وہ واپس آ رہی ہیں، تاہم شام تک گھر نہ پہنچیں اور بعد ازاں ان کے موبائل فون بھی بند ہو گئے ۔ مدعی کے شبہ پر تھانہ سٹی کوٹ ادو پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں لڑکیوں کی تلاش اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ چھ روز بعد دونوں لڑکیاں لاہور سے برآمد ہو گئیں، جبکہ پولیس ان کی بازیابی کے حالات، ممکنہ محرکات اور دیگر متعلقہ پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں