گولڈن جوبلی تقریبات ترقی اور روایات کی عکاس :رمیش سنگھ
گولڈن جوبلی تقریبات ترقی اور روایات کی عکاس :رمیش سنگھ لائبریری گراؤنڈ میں کبڈی مقابلوں کا انعقاد ،کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم
وہاڑی(نمائندہ خصوصی ) ضلع وہاڑی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں لائبریری گراؤنڈ میں شاندار کبڈی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال، چیف آفیسر بلدیہ ملک ساجد محمود، سابق سی او راؤ نعیم خالد، جنرل سیکرٹری بار مطلوب جوئیہ، میاں اویس خورشید، میاں نیرب خورشید ایڈووکیٹ، فیصل کمبوہ، شیخ خالد مسعود ساجد اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بہترین داؤ پیچ، کامیاب ریڈز اور شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ ڈھول کی تھاپ نے شائقین کا جوش مزید بڑھا دیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مرحوم میاں خورشید انور کی وہاڑی کو ضلع بنانے کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور گولڈن جوبلی تقریبات ضلع کی ترقی، ثقافت اور روایات کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کبڈی کو پنجاب کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ افسران، کسان اتحاد، انجمن تاجران، دیگر اسٹیک ہولڈرز اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی