بستی بنیادی سہولتوں سے محروم ،مکینوں کا شدید احتجاج
صاف پانی سیوریج اور پختہ سڑکوں کی فراہمی کیلئے حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) چک نمبر 22 ڈبلیو بی اضافی بستی کے مسلم اور مسیحی مکینوں نے بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاؤں میں صاف پینے کا پانی، مؤثر سیوریج نظام، پختہ سڑکیں اور صفائی کی مناسب سہولت موجود نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نکاسیٔ آب نہ ہونے کے باعث گندا پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے اور لوگ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، پادری پرویز مسیح، قاری افضل محمدی، بابا بشیر، منظور حسین، محمد علی، غلام مصطفیٰ، محمد گلزار، اللہ دتہ مسیح، شہباز مسیح، محمد خالق، محمد صادق، یوسف، سرفراز اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ متعدد شکایات کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، ضلعی انتظامیہ، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ صاف پانی، جدید سیوریج نظام، پختہ سڑکوں اور صفائی کی سہولتیں ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔