پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام پر معاشی بوجھ،خالد خاکوانی
سرائیکی وسیب کو بجٹ میں نظرانداز کرنا قابل مذمت، میڈیاسے گفتگو
ملتان (کرائم رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی، سیلز ٹیکس اور دیگر محصولات کی مد میں اربوں روپے وصول کئے جا رہے ہیں، جبکہ عام شہری، کسان، ٹرانسپورٹرز اور چھوٹے کاروباری افراد مسلسل مہنگائی کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے پر فوری طور پر پٹرول مہنگا کر دیا جاتا ہے ، لیکن قیمتوں میں کمی آنے پر عوام کو اس کا مکمل ریلیف نہیں دیا جاتا۔
ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے کہا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ، جبکہ ذخیرہ اندوز اس صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور حکومتی رٹ مؤثر دکھائی نہیں دیتی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرتے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی آسکے ۔انہوں نے وفاقی بجٹ میں سرائیکی وسیب کو نظرانداز کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی صوبے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور وسیب کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔