خانیوال نے جنوبی پنجاب ویل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا
10 شہروں کی ٹیموں کی شرکت ، کھلاڑیوں میں نقد انعامات ، ٹرافیاں تقسیم
ملتان (خصوصی رپورٹر)مین سٹریم ایسوسی ایشن افراد باہم معذوری کے زیر اہتمام اور سکھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جنوبی پنجاب فرسٹ انڈور ڈبل وکٹ ویل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں جنوبی پنجاب کے 10 شہروں ملتان، بہاولپور، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر اور لیہ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل مقابلہ بہاولنگر اور خانیوال کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد خانیوال نے کامیابی حاصل کرلی۔ جیتنے اور رنر اپ ٹیموں کو نقد انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں۔ اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی انٹرنیشنل کرکٹر سمیر مہناز عرف عرفات مہناز کے والد کاشف مہناز، معروف سرجن پروفیسر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا، ملک انور علی، پروفیسر اعظم، سید رضا شاہ اور جواد تھے ۔ ٹورنامنٹ کو پاکستان ویل چیئر کرکٹ کونسل اور پاکستان سپورٹس ایسوسی ایشن آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز کی خصوصی معاونت حاصل رہی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاشف مہناز نے کہا کہ مین سٹریم کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، افراد باہم معذوری کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں۔ ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا نے کہا کہ جسمانی معذوری کی وجہ سے صلاحیتیں کسی صورت کم نہیں ہوتیں، معاشرے میں افراد باہم معذوری کی شمولیت کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments