مہنگائی میں ہفتہ وار اضافہ تشویش ناک، سید ذیشان اختر
خاندانوں کے روزمرہ بجٹ پر مہنگائی براہ راست اثرانداز ہو رہی ،بیان
ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے ہفتہ وار مہنگائی میں سالانہ بنیاد پر 11.92 فیصد اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول، ڈیزل، بجلی، ایل پی جی اور بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی معاشی مشکلات بڑھا رہا ہے ۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 24 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں حساس قیمتوں کا اشاریہ ہفتہ وار بنیاد پر بھی 0.99 فیصد بڑھا۔سید ذیشان اختر نے کہا کہ سالانہ بنیاد پر پیاز کی قیمت میں 115.98 فیصد، ایل پی جی میں 63.97 فیصد، بجلی میں 58.59 فیصد، ڈیزل میں 51.80 فیصد، پٹرول میں 47.49 فیصد اور گندم کے آٹے میں 32.41 فیصد اضافہ ہوا۔
ان کے مطابق مہنگائی اب عام خاندانوں کے روزمرہ بجٹ پر براہ راست اثرانداز ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے اعدادوشمار پر محض ردعمل دینے کے بجائے قیمتوں میں اضافے کی وجوہات، ٹیکسوں، توانائی کی لاگت، ذخیرہ اندوزی اور سپلائی چین کے مسائل پر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ عوام کو وقتی اعلانات کے بجائے عملی اور پائیدار ریلیف درکار ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں کا بوجھ کم، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ کم آمدنی والے طبقات کے لیے ہدفی ریلیف پیکیج متعارف کرایا جائے ۔سید ذیشان اختر نے کہا کہ معیشت کی پائیداری کا پیمانہ صرف مالیاتی اشاریے نہیں بلکہ شہریوں کی قوت خرید، روزگار اور بنیادی ضروریات تک رسائی بھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments