مظفرگڑھ:گرین بس عملے اور طلبہ میں جھگڑا، احتجاجی مظاہرہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) گرین الیکٹرو بس کے عملے اور گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج کے طلبہ کے درمیان جھگڑے کا معاملہ طول پکڑ گیا۔۔۔
مبینہ تشدد کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر طلبہ نے ترکی بائی پاس پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی، جس سے ملتان، ڈیرہ غازی خان روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گرین بس میں سوار ہونے کے دوران عملے اور طلبہ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔ میڈیا کو موصول ہونے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر بس عملے کو طلبہ کے ساتھ ہاتھا پائی کے بعد انہیں زبردستی بس میں لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ کالج طلبہ کا الزام ہے کہ ان کے ساتھیوں کو بس اسٹینڈ پر لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں۔دوسری جانب گرین بس انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ہراسانی کی شکایات پر طلبہ کو بس کے پچھلے حصے میں کھڑے ہونے کا کہا گیا، جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ انتظامیہ نے الزام لگایا کہ طلبہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بس اسٹینڈ پر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی۔طلبہ نے احتجاج کے دوران کئی گرین بسیں بھی ترکی بائی پاس پر روک لیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں دھمکیاں دے رہی ہے ۔ بعدازاں پولیس نے طلبہ سے مذاکرات کیے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments