ڈپٹی کمشنر کا رات گئے تعمیراتی کاموں کا اچانک دورہ
ڈپٹی کمشنر کا رات گئے تعمیراتی کاموں کا اچانک دورہ آدھی رات کوخوشاب روڈ پہنچے مشینری، لیبر کی موجودگی کو چیک کیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے رات گئے شہر میں واسا کے تحت جاری سیوریج بحالی اور تعمیراتی کاموں کا اچانک دورہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر تقریباً آدھی رات کے وقت خوشاب روڈ پہنچے جہاں انہوں نے رات کی شفٹ میں جاری تعمیراتی کام، استعمال ہونے والی مشینری، لیبر کی موجودگی اور کام کے معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر واسا افسران، ٹھیکیداروں کے نمائندگان اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی مصروف شاہرات پر جاری منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور تمام کام مقررہ تکنیکی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات، وارننگ سائنز، بیریئرز اور رات کے اوقات میں مناسب لائٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا احمد ہارون بھی ہمراہ تھے ۔