مزدوروں کی آواز دبانے دینگے ‘ مشتاق احمد سلطان
مزدوروں کی آواز دبانے دینگے ‘ مشتاق احمد سلطانبھٹہ مالکان کی جاگیردارانہ ذہنیت کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے
لاہور( سٹاف رپورٹر ) پاکستان انقلابی پارٹی کے عہدیداران نے کھڑیانوالہ میں بھٹہ مزدوروں پر ہونے والے تشدد اور انقلابی پارٹی کے رہنماؤں پر ہونے والی مبینہ جھوٹی ایف آئی آرز کے اندارج پر مذمتی پریس کانفرنس کی۔ پاکستان انقلابی پارٹی کے چیئرمین مشتاق احمد سلطان نے پریس کانفرنس میں بھٹہ مزدور کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور پارٹی رہنماوں پر مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں کے کہا مزدوروں کی آواز دبانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور بھٹہ مالکان کی جاگیردارانہ ذہنیت کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ مشتاق سلطان نے کہا کہ بھٹہ مالکان کی جانب سے مزدوروں پر تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں کئی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ پولیس مظلوموں کا ساتھ دینے کی بجائے بھٹہ مالکان کے ساتھ ہے ۔پریس کانفرنس کے شرکاء نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ کھڑیانوالہ میں بھٹہ مالکان کے ظلم و جبر کا نوٹس لیں اور انکے ظلم کا شکار ہونے والے مزدوروں کو انصاف فراہم کریں۔ پریس کانفرنس سے مسلم لیگ کونسل کے چیئرمین چوہدری اختر عباس ،چیف آرگنائزر پنجاب آصف چوہدری، عمران نزیر سمیت متعدد مزدور رہنماوں نے بھی خطاب کیا ۔